ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مسجد میں’ خوش آمدید‘: کس طرح یہ چھوٹا سا فقرہ تعصبات پر پڑ رہا ہے بھاری

مسجد میں’ خوش آمدید‘: کس طرح یہ چھوٹا سا فقرہ تعصبات پر پڑ رہا ہے بھاری

Mon, 04 Feb 2019 00:37:11    S.O. News Service

پونہ 3 /فروری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)اسلام کے بارے میں غیر مسلموں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اُن کے  ساتھ یکجہتی کے لئے ملک کے کئی حصوں میں مساجد کی انتظامیہ کمیٹیوں نے نئی پہل’’وزٹ مائی مسجد‘‘ شروع کی ہے، جس کے ساتہ ہی ملک کے کئی حصوں میں غیر مسلم برادران وطن مسجدوں کو دورہ کررہے ہیں اور اپنے اندر پائے جانےوا لے تجسس اور غلط فہمیوں کو دور کررہے ہیں۔

پونے، ممبئی، احمد آباد اور حیدرآباد جیسے شہروں میں کچھ مساجد کی انتظامیہ کے بارے میں عوام میں پھیلائی گئی منافرت کو  ختم کرنے کے لئے انہیں اپنے یہاں آنے کی دعوت دی جارہی ہیں۔ آہستہ آہستہ ملک بھر میں اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، خبر یہاں تک ملی ہے کہ اس طرح کا ٹرینڈ اب بیرون ملک میں بھی شروع ہو چکا ہے۔ بالخصوص برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا میں  اکثر مساجد انتظامیہ نے ایسی پہل شروع کر دی ہے۔ اور غیر مسلموں کو مساجد میں دعوت دی جارہی ہے کہ وہ آئیں اور مسجدوں کے اندر آکر دیکھیں کہ مسلمان آخر مسجدوں میں کرتے کیا ہیں۔

پونہ کے 28 سالہ وکاس گاؤلی کے ذہن میں اکثر یہ سوال آتا تھا، کہ آخر کار مسجد میں ہوتا کیا ہے' مگر  وہ کبھی اپنے مسلم دوستوں سے یہ سوال نہیں پوچھ پاتے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک خوف ہمیشہ رہتا تھا کہ ایسا پوچھنے سے انہیں برا تو نہیں لگے گا۔ گزشتہ سال دسمبر میں گاؤلی کا تجسس تب ختم ہوگیا جب انہوں نے پہلی بار پونے کے اعظم کیمپس محلے میں ایک مسجد کا دورہ کیا۔  پونہ میں مسجد کو غیر مسلموں کے لئے کھولنے کا اعلان کرتے ہی اب تک 350 سے زائد لوگوں نے مساجد کا دورہ کیا ہے اور اسلام کے تعلق سے اپنے اندر پائی جارہی غلط فہمیوں کو دور کیا ہے، اُن میں وکاس گاولی بھی ایک ہیں۔


Share: